سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت پنجاب بھر کے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ افسران کا اجلاس عبداللہ خان سنبل ایڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ جس میں پی اینڈ ڈی کے ڈویژنل ، ضلعی اور ہیڈکوارٹرز افسران نے شرکت کی ۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس میں اے ڈی پی 25-2024 کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران کو اے ڈی پی میں شامل سکیموں کی منظور کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ افسران متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر تمام سکیموں کا پی سی ون بنا کر منظوری کا عمل 31 جولائی تک مکمل کریں اور پی سی ون ایس ایم ڈی پی پر اپ لوڈ کریں تاکہ فنڈز ریلیز کروائے جا سکیں اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہاکہ
وزیراعلی کے خصوصی انیشی ایٹوز میں شامل سکیموں کی منظوری کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے مزید کہا کہ ایس ڈی جی پروگرام میں شامل سکیموں کو وفاقی اداروں کے ساتھ ٹیک آپ کر کے منظوری کا عمل مکمل کریں۔ انھوں نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ افسران ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ ملکر سکیموں کی منظوری کا عمل جلد مکمل کریں تاکہ بروقت محکمہ خزانہ سے فنڈز کا اجراء کروایا جا سکے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار ، کوالٹی اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، افسران ڈویلپمنٹ سکیموں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے خود ان منصوبوں کی نگرانی کریں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔






