ڈپٹی کمشنرز کو آٹے،گندم کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت ،روٹی کے نرخوں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو آٹے اور گندم کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے یہ ہدایت اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔صنعت، خوراک اور متعلقہ محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ روٹی سمیت اشیاء خورونوش کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ روٹی کے مقرر کردہ نرخوں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ علاقے مختص کر کے پرائس مجسٹریٹس کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں سبزیوں کی قیمتوں میں فرق کا کوئی جواز نہیں، قیمتوں میں عدم استحکام کی صورت میں متعلقہ مارکیٹ کمیٹی جوابدہ ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے دکانوں پر نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کروانے سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔صنعت اور خوراک کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 

 

 

جواب دیں

Back to top button