سندھ حکومت نے مینارٹی سکالرشپ کی رقم 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور و پاکستان پیپلز پارٹی مینارٹی وِنگ سندھ کے صدر ڈاکٹر لالچند اکرانی کی صدارت میں سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھو، سینیٹر پونجو مل بھیل، ایم پی اے ڈاکٹر کھٹو مل جیون، ایم پی اے مہیش کمار، ایم پی اے انیل کمار، محکمہ برائے اقلیتی امور کہ سیکریٹری انجم اقبال جمانی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے اسکالرشپ کی رقم 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ اقلیتی امور کے محکمے کو مختلف جامعات کی طرف سے اسکالرشپس کی 645 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن کی جانچ پڑتال کے بعد 594 طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ موصول ہونے والی درخواستوں میں اہل طلبہ کی تعداد کم ہے، اس لیے کمیٹی سے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کی منظوری طلب کی گئی، جس کی کمیٹی نے منظوری دے دی۔اجلاس میں سندھ میں اقلیتی برادری کو درپیش سماجی، انتظامی اور معاشرتی مسائل کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لالچند اکرانی نے کہا کہ مینارٹی اسکالرشپ کے لیے اہل طلبہ کو جلد از جلد اسکالرشپ کے چیک دیے جائیں، اور نئی درخواستیں لے کر دوسرے مرحلے میں 100 سے زائد طلبہ کو چیکس جاری کیے جائیں۔ڈاکٹر لالچند اکرانی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قیام سے لے کر آج تک اقلیتوں کے حقوق کی محافظ رہی ہے۔ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک، پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اقلیتوں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچایا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button