ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کی زیرِ صدارت اجلاس، واٹر سیکشن کے قیام اور موجودہ شعبوں کی ازسرِنو تشکیل سے متعلق تجاویز کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی زیرِ صدارت آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کی گائیڈ لائنز کے تحت ادارے کی ری اسٹرکچرنگ اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں جی ڈی اے کے تمام شعبوں کے سربراہان، چیف انجینئر حاجی سید محمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ نے ڈائریکٹر جنرل کو ادارے کی تنظیمِ نو (Restructuring) سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جو اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان تجویز کرتا ہے۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ چین کے صنعتی شہر شینزین کے ماڈل پر، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت چینی ماہرین کی معاونت سے تیار کردہ "گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان” میں جی ڈی اے کے ڈھانچے میں بہتری، استعداد کار میں اضافہ اور انتظامی و قانونی شعبوں کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات، عملے کی تربیت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمتِ عملی کے لیے رہنما اصول وضع کیے گئے ہیں. خاص طور پر شعبہ انجینئرنگ، ماحولیات، ٹاؤن پلاننگ اور بلڈنگ کنٹرول کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے ریفارمز تجویز کی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ جی ڈی اے اس وقت ماسٹر پلان، لینڈ یوز، انفراسٹرکچر کی جدید تقاضوں پر تعمیر ترقی اور عوامی خدمات کے منصوبوں پر کام کررہا ہے، تاہم منصوبوں کی منظوری، مالی اور انتظامی امور میں اختیارات کی کمی ادارے کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔ جبکہ سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان میں تجویز دی گئی کہ صوبائی حکومت جی ڈی اے کو مزید انتظامی و مالی اختیارات تفویض کرے تاکہ وہ منصوبہ بندی، ترقی اور نظم و نسق کے حوالے سے براہِ راست فیصلے کر سکے۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی پائیدار ترقی کے لیے ادارہ جاتی استحکام اور ماسٹر پلان پر مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو مزید فعال اور مربوط بنائیں، جبکہ واٹر سیکشن کے باقاعدہ قیام اور موجودہ ڈھانچے میں ضروری ردوبدل کے لیے تفصیلی ہوم ورک مکمل کریں۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں "اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان” پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی وضع کی جائے گی، تاکہ گوادر کو ایک جدید، سرسبز اور قابلِ رہائش شہر کے طور پر تیزی سے ترقی دی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button