لمز کنسلٹنسی گروپ اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام مینجمنٹ یونٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے بتایا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نے نوجوان محققین، طلباء اور اکیڈمک اداروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ جدید تحقیق اور پالیسی سازی میں نوجوانوں کے کردار کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے لمز کنسلٹنسی گروپ اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام مینجمنٹ یونٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔تقریب میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں اکیڈمیا اور حکومت کے اشتراک سے پالیسی سازی کے نئے دروازے کھلیں گے اور نوجوان محققین حقیقی مسائل کے حل کے لیے جدید نقطہ نظر فراہم کریں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ عالمی ہاؤسنگ ماڈلز کے ساتھ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا تقابلی جائزہ لینے سے تحقیق کے نئے پہلو سامنے آئیں گے، جس سے سستی رہائش کے ماڈلز میں بہتری لائی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان محققین نئے حل تجویز کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں پبلک سیکٹر میں عملی تجربہ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی معیار کی تحقیق اور اکیڈمک تعاون سے ہاؤسنگ پالیسی میں جدت لائی جا سکتی ہے، جو عوامی فلاح اور سستی رہائش کے اہداف کے حصول میں حکومت کی مدد کرے گی۔

جواب دیں

Back to top button