ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں جاری واٹر اینڈ سینی ٹیشن اقدامات کی مؤثر نگرانی اور جدید شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل واسا پنجاب میں جدید کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ کنٹرول روم سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق صوبے بھر کی تمام واسا ایجنسیاں جدید مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کی جائیں گی، جس کے ذریعے واٹر سپلائی اور سیوریج کے اہم نظاموں کی مانیٹرنگ جدید اسمارٹ ٹیکنالوجی اور اے آئی پر مبنی نظام کے تحت ممکن ہو سکے گی۔صارفین کی شکایات کو مؤثر اور شفاف انداز میں حل کرنے کے لیے جدید کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے، جو اے آئی بیسڈ طریقہ کار کے تحت شہریوں کی شکایات کی فوری نگرانی کرے گا۔ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی شکایات کے اندراج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ شہریوں کی آسانی کے لیے جدید کال سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق خودکار نظام کے ذریعے شکایات کو فوری طور پر متعلقہ ٹیموں تک پہنچا کر حل کیا جا سکے گا۔ ڈسپوزل اسٹیشنز، ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کو سکاڈا سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے ان تمام سہولیات کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گی۔جدید ویسٹ واٹر اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو بھی نئے کنٹرول روم کے ذریعے کنٹرول اور مانیٹر کیا جا سکے گا، جبکہ واسا ایجنسیوں کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبہ بھر میں واسا ایجنسیوں کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے، جس سے عام شہریوں کو جدید، شفاف اور بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔






