صفائی کا یکساں نظام: وزیراعلٰی کی ڈیڈلائن میں تبدیلی نہیں ہوگی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ماڈل پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کرنے کا کام مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کر لیا جائے۔ اجلاس میں صفائی کا نظام آئوٹ سورس کرنے کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب میں دیرپا اور اعلی معیار کا صفائی کا نظام چاہتی ہیں۔ اس نظام کو عملی شکل دینے کے لئے وزیراعلی نے جو ڈیڈلائن مقرر کی ہے اس میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ لہذا ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ماڈل پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعوے نہیں کرنا چاہتے لیکن عوام کو خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کے پائلٹ پراجیکٹ میں عوام کا تعاون سب سے زیادہ اہم ہے۔ اس لئے شہریوں کی اس سلسلے میں ہر ممکن شرکت یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ آئوٹ سورسنگ کے بعد نجی کمپنیوں کی موثر مانیٹرنگ کا وضع کر رہا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

اجلاس میں کمپنیوں کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول پر تفصیلی غور کیا گیا۔ آبادی اور گھروں کی تعداد کے تعین کے لئے سروے کے مختلف ماڈلز بھی زیر بحث آئے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ تحصیل سطح پر کوڑے کی ڈمپنگ سائٹس کی تکمیل بروقت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں پہلی بار صفائی کا میکانزم بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں یونین کونسلز کے سیکرٹریوں کو لازمی ساتھ شامل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button