ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے ریویو مشن نے محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا جہاں جاری ترقیاتی منصوبوں پر محکمہ کے اعلیٰ تکنیکی ماہرین نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد نے کی۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں راولپنڈی میں جاری 33 ارب روپے کے واٹر سپلائی پراجیکٹ پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، جبکہ پراجیکٹ کی جلد اور معیاری تکمیل کے لیے تمام تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ بہاولپور، سرگودھا اور رحیم یار خان میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے بڑے منصوبوں کی فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل کی جائے گی، جبکہ سیکرٹری ہاؤسنگ نے متعلقہ حکام کو لینڈ ایکوزیشن کے عمل کو بھی فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق ان تمام منصوبوں کی ڈیڈ لائن 2027 مقرر کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں واسا ایجنسیوں کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے اور اے ڈی بی تمام اضلاع کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کے ماسٹر پلانز کی تیاری میں تعاون فراہم کرے گا۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی کے واٹر سپلائی منصوبے کی بروقت تکمیل سے 10 لاکھ سے زائد آبادی کو صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی۔ وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ کے ذریعے صاف پانی کے ذرائع میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اے ڈی بی کے مشن میں شوکت شفی، ہیکارو شوجی، عمر علی شاہ اور احمد ملک شامل تھے، جنہوں نے صوبے میں جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔






