پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی صوبے میں مویشی پال حضرات کی فلاح و بہبود اور لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر، بلال ہاشم نے گرین کارپوریٹ لائیو سٹاک انیشیٹو (GCLI) کے چیئرمین، میجر جنرل (ر) شاہد محمود سے ایک اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبے بھر میں مویشی منڈیوں کے نظام کو بہتر بنانے اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال ہاشم نے چیئرمین جی سی ایل آئی کو کمپنی کی نمایاں کامیابیوں اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ماڈل مویشی منڈی شاہ پورکانجراں میں کامیاب دو روزہ "پنجاب کیٹل شو” کا انعقاد کیا گیا، جس نے صوبے بھر کے مویشی پال حضرات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا گیا۔ اس شو میں اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش کی گئی اور مالکان میں لاکھوں روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے تاکہ حکومتی سطح پر ان کی محنت کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ ہزاروں شہریوں نے اس میلے میں شرکت کی، جبکہ اختتامی تقریب میں معروف فوک گلوکار عارف لوہار کی شاندار پرفارمنس نے شرکاء کا جوش و خروش دوبالا کر دیا۔مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بلال ہاشم نے مزید کہا کہ لاہور میں جدید ماڈل مویشی منڈی کے کامیاب آغاز کے بعد اب جھنگ سٹی میں بھی ماڈل مویشی منڈی کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمپنی صوبے کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ ماڈل مویشی منڈیاں قائم کرے گی۔اس موقع پر چیئرمین گرین کارپوریٹ لائیو سٹاک انیشیٹو، میجر جنرل (ر) شاہد محمود نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال ہاشم اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے ایسے مربوط اور جدید اقدامات انتہائی خوش آئند ہیں۔





