بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس،7 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی، اجلاس میں مجموعی طور پر 7 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں جن میں ایجنڈے میں شامل 4 قراردادوں کے علاوہ 3 پرائیویٹ قراردادیں شامل تھیں، اجلاس کے دوران گلشن اقبال میں کمسن بچے کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی گئی،

سٹی کونسل نے جن قراردادوں کی منظوری دی ان میں بولٹن مارکیٹ (تیسری منزل) اولڈ سٹی ایریا پر عمودی چارجڈ پارکنگ کے لئے محکمہ اسٹیٹ کے ایم سی اور زبیر ایسوسی ایٹس کے درمیان مشترکہ منصوبہ، پلاٹ نمبر D-19 کا خالی پلاٹ (4 ایکڑ پیمائشی)، بس ٹرمینل گلشن غازی، بلدیہ ٹاؤن(کچی آبادیز) پارکنگ مقاصد کے لئے کرائے پر دیا جانا، کراچی کے مختلف کاروباری علاقوں کے اردگرد سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بہتری / بحالی (بیوٹی فیکیشن) کے لئے PC-I تخمینہ، کراچی کے مختلف کاروباری علاقوں کے اردگرد سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بہتری / بحالی کے لئے فائل پر منسلک PC-I تخمینہ کی منظوری شامل تھی جبکہ اتفاق رائے سے منظور کی گئی پرائیویٹ قرارداد کے ذریعے کراچی کی سطح پر معذور افراد کی بحالی کے لئے دیرپا اور پائیدار اقدامات جیسے ماہانہ راشن کی فراہمی اور ان کی تعلیم اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز کی فراہمی اور معذور افراد کو ہنر مند بنا کر روزی کمانے کے قابل بنانے کے لئے اداروں کے قیام کی منظوری دی گئی، دوسری قرارداد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء لعل بخش بھٹو کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے لئے مغفرت کی دعا کی گئی اور مرحوم لعل بخش بھٹو کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں گٹر باغیچہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو ان کے نام سے موسوم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ تیسری قرارداد میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں گرومندر سے لسبیلہ سگنل تک واقع بزنس ریکارڈر روڈ کے دونوں جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 106 سڑکوں کے ساتھ شامل کرکے بزنس ریکارڈر روڈ کی دونوں جانب کی مرمت کے کام کو فوری طور پر شروع کرنے کے لئے اتفاق رائے سے منظو ر کی گئی، اجلاس کے دوران مختلف اراکین نے اظہار خیال کیا، بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button