واسا لاہور اور پی ای سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط — نئے انجینئرز کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے دروازے کھل گئے

ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں واسا لاہور اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے درمیان گریجویٹ انجینئر ٹرینی پلیسمنٹ پروگرام کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔معاہدے پر واسا لاہور کی جانب سے ایم ڈی غفران احمد جبکہ پی ای سی کی جانب سے ایڈیشنل رجسٹرار محمد عنصر نے دستخط کیے۔

اس مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد نئے انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، عملی تربیت اور پانی و نکاسی آب کے شعبے میں حقیقی فیلڈ ایکسپوژر فراہم کرنا ہے۔اعلامیہ کے مطابق، پی ای سی ملک بھر سے تازہ فارغ التحصیل انجینئرز کی نامزدگی کرے گی، جنہیں 5 ماہ کی مدت کے لیے واسا لاہور میں تعینات کیا جائے گا۔ اس انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلباء کو ماہانہ معاوضہ پاکستان انجینئرنگ کونسل فراہم کرے گی۔ٹرینیز کو واسا لاہور کے جاری تکنیکی اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ منصوبوں میں شامل کیا جائے گا، جہاں انہیں عملی کام، جدید ٹیکنالوجیز اور آپریشنل سسٹمز سے براہِ راست سیکھنے کا موقع ملے گا۔ یہ پروگرام نوجوان انجینئرز کے لیے عملی تجربے کی بنیاد مضبوط کرنے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے راستے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔اس باہمی تعاون کو انجینئرنگ کے شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر واسا لاہور کی جانب سے ڈائریکٹر مدثر جاوید شریک تھے جبکہ پی ای سی کی جانب سے وائس چیئرمین پنجاب ڈاکٹر سہیل آفتاب قریشی، ریجنل ہیڈ انجینئر محمد عنصر اور اسسٹنٹ رجسٹرار عمر اعجاز نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button