وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اب تک ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری، وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمٰی لاہور سید موسٰی رضا اور ایم ڈی واسا سید غفران احمد نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا کو مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

کمیٹی کے کنوینر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے زور دیا کہ ایل ڈی پی کے تحت کی گئی کھدائی کے کام میں شہریوں کے لئے متبادل راستے کا لازمی خیال رکھا جائے۔ موسم برسات سے قبل کھدائی کے کام کو مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں تاکہ شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانا پڑے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مکمل ہونے والی گلیوں کی حفاظت میں شہری بھی ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ ذیشان رفیق نے اس امر کی نشاندہی کی کہ لاہور میں واسا کا دائرہ کار بڑھنے کے بعد ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ضرروی ہے۔ اس حوالے سے حکومتی سطح پر مختلف تجاویز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلٰی مریم نواز خود بھی مختلف علاقوں کے دورے کر کے کام کا جائزہ لے رہی ہیں لہذا ترقیاتی سکیموں کے دوران وزیراعلٰی کی ہدایات کو ہر صورت میں ملحوظ خاطر رکھیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹیئرنگ کمیٹی کی رکن صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمٰی بخاری نے ہدایت کی کہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں معیار کا لازمی خیال رکھا جائے۔ سیوریج سسٹم میں اگلے 30 سال کی ضرورت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عیدالاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران آنے والے تعطل کو ذہن نشین رکھتے ہوئے چھٹیوں کے فورا بعد کام کی رفتار میں مزید تیزی لانا ہوگی۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ ایل ڈی پی کے تحت پارکوں کی بحالی اور قبرستانوں میں سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد گلیوں میں توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہیئے۔ معیار کے ساتھ شفافیت پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سٹیئرنگ کمیٹی کو باقاعدگی سے کام میں پیشرفت پر اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں ایل ڈی پی پر کام کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا نے اجلاس کو بتایا کہ ایل ڈی پی کی تکمیل کے بعد این او سی کے بغیر کسی گلی میں توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں ہوگی۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی ایل) اور واسا مل کر کام آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیراعلٰی اور سٹیئرنگ کمیٹی کی ہدایات کو سامنے رکھ کر سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔





