لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام؛ معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ڈی سی لاہور کا سخت حکم

​ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اس بڑے پروگرام کا فیز ون تیزی اور معیار کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ فیز ٹو پر کام پوری رفتار سے جاری ہے۔ اس کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے حال ہی میں ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی اور نیسپاک حکام نے شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کے جاری اقدامات اور مضبوط حکمت عملیوں کے تحت، ایل ڈی پی فیز ون میں شامل کل 5,643 گلیوں کی تعمیر اور بحالی کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں ایم سی ایل کی 3,705 انڈیپنڈنٹ گلیوں پر ترقیاتی کام بھی سو فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ پروگرام کا وسیع دائرہ کار شہر کی 1,567 کلومیٹر گلیوں اور 606 کلومیٹر سیوریج لائنوں کو محیط تھا، جس کے تحت واسا نے فیز ون میں شامل اپنی تمام 2,868 سکیمیں بھی کامیابی سے مکمل کی ہیں۔ خصوصی طور پر نشتر زون میں واسا کی 887 اور راوی زون میں 907 سکیمیں سو فیصد تکمیل کو پہنچی ہیں، جبکہ شالامار زون میں معائنہ شدہ گلیوں پر اصلاح کا عمل بھی سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، جو انتظامیہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ اجلاس میں فیز ٹو کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت اس وقت گلبرگ زون میں ترقیاتی کاموں میں بہتری اور تیزی لائی گئی ہے اور ایم سی ایل کے فیز ٹو کے منصوبے بھی مثبت سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کی عکاسی ہے اور شہریوں کی سہولت کے لیے تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نیسپاک کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے کوالٹی کنٹرول کو ہر صورت یقینی بنائے، اور واسا و ایم سی ایل کو مشترکہ منصوبوں پر کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام گلیوں اور سیوریج کے منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ لاہور کے شہری ان دیرپا اور معیاری تعمیرات سے طویل عرصے تک مستفید ہوسکیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام مراحل کی سخت نگرانی اور شفافیت کو برقرار رکھنے کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button