بلوچستان کے کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے باوجود بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اسکواش کھلاڑی زبیر جہاں خان نے ملاقات کی ملاقات کے دوران زبیر جہاں خان نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ وہ اسکواش کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ایک عرصے تک ورلڈ ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں انہوں نے بلوچستان میں اسکواش کے فروغ کے لیے جہاں فیملی کی طویل اور نمایاں خدمات سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زبیر جہاں خان کی عالمی سطح پر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں نے محدود وسائل کے باوجود بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں اسکواش سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں اس موقع پر زبیر جہاں خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اسکواش کے عالمی کھلاڑیوں کی دستخطوں پر مبنی یادگاری شرٹ بطور سوئنیر پیش کی اور کوئٹہ میں جہاں فیملی کے زیر اہتمام اسکواش کے جاری مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی۔

جواب دیں

Back to top button