وزیر اعلیٰ پنجاب کا زیرو پولیو ویژن یقینی بنایا جائے گا؛ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ قیادت ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور اس سلسلے میں جاری انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی آفس میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ نے مہم کے اعدادوشمار پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران شہر بھر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 94 ہزار 697 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جس پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے ٹیموں کی فیلڈ کارکردگی اور مانیٹرنگ کے عمل پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے دو ٹوک ہدایات جاری کیں کہ گھر پر موجود نہ ہونے والے بچوں کی شرح کو کم سے کم سطح پر لایا جائے اور تمام نجی و سرکاری سکولوں میں بچوں کی سو فیصد ویکسی نیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا کہ وہ فیلڈ میں خود موجود رہ کر ٹیموں کی کڑی نگرانی کریں اور انکاری والدین کو قائل کر کے ہر بچے کی رسائی کو یقینی بنائیں۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ‘زیرو پولیو ویژن’ کی تکمیل ہمارا اولین ہدف ہے اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے تک پہنچنا قومی فریضہ ہے، جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ لاہور کے بچوں کا مستقبل معذوری سے محفوظ رہے اور شہر کو پولیو فری بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button