ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل نشتر کا دورہ،شمع کالونی اور رانا چوک میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ

ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز 2 کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل نشتر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شمع کالونی اور رانا چوک میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر نشتر، نیسپاک، واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی اور ایل ڈبلیو ایم سی کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ اے سی نشتر نے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف مل سکے۔ دورے کے دوران انہوں نے شہری آبادی سے مویشیوں کے انخلا پر فوری عملدرآمد، تعمیراتی مقامات سے ملبہ ہٹانے اور صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے احکامات دیے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے مزید کہا کہ تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی باڑ اور اشاروں کا استعمال لازمی بنایا جائے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی بروقت اور معیاری تکمیل ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

Back to top button