لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیراہتمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد نےپشاور میں اختیارات اور وسائل سے محرومی کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین اور جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نے شرکت کی اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اظہار یکجہتی کی۔

احتجاجی مظاہرے میں اے این پی کے منتخب میئر مردان حمایت اللہ مایار، تحصیل منڈا چیئرمین عنایت اللہ خان اور تحصیل رزڑ چیئرمین ملک غلام حقانی سمیت کثیر تعداد میں چیئرمینز، کونسلرز اور اراکین شریک تھے۔لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر اور میئر مردان حمایت اللہ مایار نے کمیٹی سے مشاورت کے بعد مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے پیش کئے گئے مطالبات کی منظوری کے لئے 9 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی اور اعلان کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو 14 جنوری کو بھرپور احتجاج کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں داخل ہونگے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔






