محمد شہباز شریف کا میر سرفراز بگٹی کی زیر قیادت صوبائی حکومت کے اقدامات پر اظہار اطمینان، وفاق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومتِ بلوچستان کی جانب سے صوبے میں ترقی کے فروغ، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیر اعظم کمپلینٹ سیل پر درج عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے جمعرات کے روز منعقدہ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیر اعظم کو صوبے میں مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، اور بالخصوص تعلیم، صحت، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محدود وسائل کے باوجود اصلاحاتی ایجنڈے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے وزیر اعظم پاکستان نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مختلف سیکیورٹی کارروائیوں کے دوران 784 دہشت گردوں کی ہلاکت سمیت امن و امان کی بحالی کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں کے باعث بلوچستان میں امن کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button