وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کو پسماندگی سے نکالنے اور ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ، مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہے ہیں،میر سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ کے لیے مختص وسائل کا سو فیصد شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا گیا ہے، جو صوبائی حکومت کی بہتر منصوبہ بندی، مالی نظم و ضبط اور مؤثر گورننس کا واضح ثبوت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے بلوچستان سے خصوصی تعاون پر وہ ان کے شکر گزار ہیں جن کی ہدایات توجہ اور دلچسپی سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی منظوری بلوچستان میں دانش اسکولز کے قیام اور دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جو صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال دیگر صوبوں سے قطعی مختلف ہے، جہاں جغرافیائی وسعت، آبادی کی منتشر نوعیت اور سیکیورٹی چیلنجز ترقی کے عمل کو پیچیدہ بناتے ہیں۔ اس کے باوجود صوبائی حکومت نے بحالیِ امن، عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنا کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن لیڈر و اراکین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو اور وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کو اپنی مخصوص معاشی، سماجی اور جغرافیائی صورتحال کے باعث وفاق کی خصوصی اور مسلسل توجہ کی ضرورت ہے انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کو پسماندگی سے نکالنے اور ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ، مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اعلیٰ ترین عسکری فورم پر بھی بلوچستان حکومت کی کارکردگی، امن و امان کی بہتری اور ترقیاتی اقدامات کا اعتراف کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور وفاقی و عسکری اداروں کے باہمی تعاون سے صوبے میں استحکام اور ترقی کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button