بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پنشن اور ترقیاتی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے،ای-پیمنٹس کو مؤثر بنانے کا فیصلہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پنشن کی ادائیگیوں اور ترقیاتی ادائیگیوں سمیت تمام مالی معاملات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کردیا جائے گا، اس نظام کو نادرا سے منسلک کیا جائے گا تاکہ فوری تصدیق، مزید شفافیت اور بہتر سروس ڈیلیوری ممکن ہو سکے، تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ایس اے پی سسٹم کی کامیاب عملداری کے بعد اب کے ایم سی تمام باقی مالی معاملات کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے تیار ہے، یہ بات انہوں نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (CGA) پاکستان کے تحت کام کرنے والا ادارہ فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) کے وفد کے درمیان ہونے والے اجلاس میں کہی، اس موقع پر مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو، میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد یوسفزئی، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مالی اور انتظامی اصلاحات کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے پنشن اور ترقیاتی ادائیگیوں کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور تمام ادائیگیوں کو محفوظ الیکٹرانک پلیٹ فارمز کے ذریعے انجام دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ شفافیت، کارکردگی اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے، فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) کے ارکان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شفافیت بڑھانے، شخصی مداخلت کم کرنے اور مالی امور کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے، وفد نے جامع اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کے ایم سی میں بلدیاتی ادائیگیوں کی جدید کاری اور مالی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل سسٹم بہترین معاون ثابت ہوگا، وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو اپنانے، داخلی کنٹرول کو مضبوط بنانے اور جدید مالیاتی مینجمنٹ ٹولز کو مربوط کرنے سے کے ایم سی کو جدید عوامی شعبے کے معیار کے مطابق لایا جا سکے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی میں ہر ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونی چاہیے،جرمانے، چالان، کرایہ جات اور تمام بلدیاتی فیسیں بھی الیکٹرانک ادائیگی چینلز کے ذریعے وصول کی جائیں،انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے آسان ادائیگیوں اور مکمل طور پر شفاف نظام کو یقینی بنانے کے لیے پیمنٹ سلپ آئی ڈیز (PSIDs) جاری کی جائیں، وفد نے میئر کراچی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز کے تحت منصوبے متعارف کرانے اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا تاکہ اضافی مالی وسائل پیدا کیے جا سکیں اور پائیدار شہری ترقی کو فروغ دیا جاسکے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی کو مالی اور انتظامی طور پر مزید خودمختار بنانے کے اپنے وژن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط مالی اصلاحات بلدیاتی خدمات کی بہتری اور مقامی حکومت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جامع اصلاحاتی منصوبہ فوری طور پر تیار کر کے اس پر عملدرآمد کیا جائے،ان اصلاحات کے نفاذ کے بعد توقع ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ملک کی پہلی میونسپل کونسل بن جائے گی جو مکمل طور پر کیش لیس اور ڈیجیٹل ادائیگی نظام پر کام کرے گی جو دیگر مقامی حکومتوں کے لیے ایک مثال ثابت ہوگی۔

جواب دیں

Back to top button