سرکاری دستاویزات میں خردبرد،غلط رپورٹنگ اور نا اہلی کے مرتکب ملازمین کے گرد شکنجہ سخت کردیا گیا ہے،سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید نے محکمہ خوراک کے 6 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔ ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کی سفارشات پر افسران کیخلاف انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے،

سابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ اور عملے کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سیالکوٹ دفتر میں گندم اسٹاک کے اعداد و شمار غلط درج کیے گئے، سابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ تنویر حیدر پر اسٹاک ریکارڈ اپ ڈیٹ نہ کرنے اور ویری فکیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ علاوہ ازیں ہیڈ کلرک محمد یاسین اور سینیئر کلرک احسان الحق نے اپ ڈیٹ گندم اسٹاک رپورٹ بھجوانے میں غفلت برتی۔ سمبڑیال پی آر سینٹر کے فوڈ گرین انسپکٹرز محمد شفیق اور محمد عمران پر غلط اسٹاک اعداد و شمار فراہم کرنے کے الزامات ثابت ہوچکے ہیں۔ اس ضمن میں ڈپٹی سیکرٹری آپریشن کو مجاز افسر مقرر کرتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں سے سات روز میں تحریری وضاحت طلب کر لی گئی ہیں۔وضاحت جمع نہ کرانے کی صورت میں الزامات تسلیم شدہ تصور ہوں گے، محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔






