رواں مہم کے دوران مجموعی طور پر دو کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت 18.3 ملین جبکہ بلین ٹری ایفارسٹیشن سپورٹ پروگرام کے تحت 2.48 ملین پودے لگائے جائیں گے۔ 23 مارچ کو منعقد ہونے والے میگا شجرکاری ایونٹ میں ایک ہی دن دس لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ میگا پلانٹیشن ایونٹ میں نوجوانوں، طلبہ اور عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کا فروغ اور تحفظ پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ماحولیات کی بہتری اور جنگلات کے رقبے میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
ہمارے تسلسل اور مؤثر پالیسی اقدامات کی بدولت صوبے میں جنگلات کے رقبے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔رواں موسم بہار شجرکاری مہم ماحولیاتی استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے۔ شجرکاری کو وقتی مہم کے بجائے مستقل قومی مزاج بنانا ہوگا۔عوامی شرکت اور تعاون کے بغیر کوئی بھی حکومتی کوشش مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتی۔ معاشرے کے تمام طبقات شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آئندہ نسلوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔





