محکمہ اسکولز ایجوکیشن حکومت بلوچستان نے صوبے کے گرم علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے طویل گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا، نوٹیفکیشن جاری
محکمہ اسکولز ایجوکیشن حکومت بلوچستان نے صوبے کے گرم علاقوں میں واقع تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے طویل گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون میں شامل تمام تعلیمی اداروں میں تعطیلات 23 مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران سمر زون کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، تاہم ادارہ جاتی سربراہان اور متعلقہ انتظامی حکام اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ضروری دفتری امور، ریکارڈ کی دیکھ بھال، انتظامی ذمہ داریاں اور محکمانہ نوعیت کے دیگر معاملات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تعلیمی و انتظامی امور متاثر نہ ہوں نوٹیفکیشن میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سمر زون کے اسکولوں کی بندش سے قبل ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔ محکمہ ثانوی تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ادارے میں ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل مکمل نہ ہوا تو متعلقہ ادارے کے سربراہ کو گرمیوں کی تعطیلات سے استفادہ کی اجازت نہیں دی جائے گی محکمہ ثانوی تعلیم بلوچستان نے تمام متعلقہ افسران، ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی محکمہ کے مطابق گرمی کی شدت اور طلبہ و اساتذہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شدید موسمی حالات کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کو محفوظ اور منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔





