*وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو صوبائی محتسب سندھ کی سالانہ رپورٹ پیش*

صوبائی محتسب سندھ کے دفتر کو سال 2025 کے دوران 25 ہزار 217 عوامی شکایات موصول ہوئیں جو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 236 فیصد غیر معمولی اضافہ ہے جبکہ 8 ہزار 789 کیسز میں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا گیا اور متاثرہ شہریوں کو 4.29 ارب روپے کے مالی فوائد حاصل کرائے گئے۔یہ بات ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 میں ظاہر کی گئی، جو پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو صوبائی محتسب ڈاکٹر سہیل راجپوت نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیش کی۔رپورٹ کے مطابق صوبائی محتسب کے دفتر کو سال 2025 میں 25 ہزار 217 شکایات موصول ہوئیں جو کہ گزشتہ برسوں کے اوسطاً 7 ہزار 500 سالانہ شکایات کے مقابلے میں 236 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ مجموعی موصولہ شکایات میں سے 8 ہزار 854 ابتدائی جانچ کے بعد نمٹا دی گئیں جبکہ 16 ہزار 363 کو تحقیقات کے لیے منظور کیا گیا۔ دفتر نے تحقیقات کے بعد 12 ہزار 591 کیسز کا فیصلہ کیا اور 8 ہزار 789 کیسز میں ریلیف فراہم کیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ شہریوں کو 4.29 ارب روپے کے مالی فوائد حاصل ہوئے۔رپورٹ میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کی بڑھتی ہوئی کامیابی کو اجاگر کیا گیا، جو ایک مکمل ویب بیسڈ پلیٹ فارم ہے اور آن لائن شکایت کے اندراج اور ٹریکنگ کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ 31 مارچ 2025 تک اس سسٹم میں 7 ہزار 611 سے زائد شکایات رجسٹر ہو چکی تھیں۔ سی ایم ایس کے ذریعے شکایت کنندگان آن لائن کیس دائر کر سکتے ہیں، پیش رفت کو حقیقی وقت میں دیکھ سکتے ہیں اور بروقت اپ ڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں، جس سے شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ شکایات مقامی حکومت کے اداروں کے خلاف درج ہوئیں، جن میں یونین کونسلز اور ٹاؤن کمیٹیز کے خلاف 10 ہزار شکایات شامل ہیں۔ دیگر محکموں میں ریونیو ڈپارٹمنٹ کے خلاف 3 ہزار 345، اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے خلاف 2 ہزار 261، پولیس کے خلاف 1 ہزار 965، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے خلاف 1 ہزار 685، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سابقہ ضلعی کونسلز کے خلاف 1 ہزار 510، آبپاشی کے محکمے کے خلاف 604، اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کے خلاف 598، صحت کے محکمے کے خلاف 554، اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کے خلاف 521 شکایات شامل ہیں۔انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے لیے محتسب کے دفتر نے یونین کونسل اور تحصیل کی سطح پر 423 کھلی کچہریاں منعقد کیں اور اسکولوں و کالجوں میں 120 آگاہی سیشنز کیے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں 2 ہزار 660 شکایات کا غیر رسمی طور پر حل نکالا گیا اور صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک ادارے کی رسائی بڑھی۔ڈیجیٹل تبدیلی سال کے دوران ایک اہم ترجیح رہی۔ دفتر نے اپنی ویب سائٹ کو ازسرنو ڈیزائن کیا، فیس بک، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور لنکڈ اِن سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجودگی کو بہتر بنایا اور موبائل ایپ کو اپ گریڈ کیا۔ اس کے علاوہ تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ عوامی آگاہی ایس ایم ایس پیغامات شہریوں کو بھیجے گئے جن میں شکایت کے اندراج اور ازالے کے طریقہ کار کی وضاحت کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ( سی ایم ایس) کی کامیابی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 31 مارچ 2025 تک اس نظام میں 7 ہزار 611 سے زائد شکایات رجسٹر ہو چکی تھیں۔ یہ نظام شکایت کنندگان کو آن لائن کیس دائر کرنے، پیش رفت کو براہ راست دیکھنے اور بروقت اپ ڈیٹس حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے شفافیت، جوابدہی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ ادارہ سندھ کے عوام کو بروقت اور مفت انتظامی انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور شفافیت، جوابدہی اور مؤثر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا۔رپورٹ میں ایک اہم کامیابی کے طور پر برانڈ ایمبیسیڈر پروگرام کی توسیع کو بھی اجاگر کیا گیا، جو نیشنل یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (این ای ڈی)، آئی بی اے سکھر، ایس زیڈ اے بی آئی ایس ٹی، ہمڈرد یونیورسٹی، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی، سلیم حبیب یونیورسٹی اور جامعہ کراچی سمیت مختلف جامعات کے ساتھ اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے تحت ہر ادارے سے 10 طلبہ منتخب کیے گئے تاکہ وہ محتسب کی خدمات کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کریں۔رپورٹ میں انٹرن شپ پروگرام کی کامیابی کو بھی نمایاں کیا گیا، جس کے تحت سندھ بھر سے 32 انڈرگریجویٹ طلبہ کو شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور محتسب کے آپریشنز کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی گئی۔آگاہی اور قانونی معاونت کے لیے محتسب کے دفتر نے مختلف سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے، جن میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ہینڈز ویلفیئر فاؤنڈیشن، لیگل ایڈ سوسائٹی پاکستان اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ شامل ہیں۔ یہ شراکتیں شکایات کے حوالے کرنے، قانونی معاونت اور آگاہی مہمات پر مرکوز ہیں، خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے۔رپورٹ میں معذور افراد کے مسائل کے حل کے لیے دو مستقل کمیٹیوں کے قیام کا بھی ذکر کیا گیا۔ یہ کمیٹیاں سرکاری و نجی شعبے میں 5 فیصد کوٹہ کے نفاذ کی نگرانی اور خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی اداروں میں جامع تعلیم کے فروغ کی ذمہ دار ہیں۔

2025 کے دوران ایک اہم اقدام کے طور پر کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر جسٹس یونٹ (سی ڈی جے یو) قائم کیا گیا، جسے ماحولیاتی اور انسانی آفات سے پیدا ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک جدید پلیٹ فارم قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں صوبائی محتسب سندھ کو ملنے والی بین الاقوامی پذیرائی کا بھی ذکر کیا گیا۔ ڈاکٹر راجپوت کو انٹرنیشنل محتسب انسٹی ٹیوٹ (آئی او آئی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں منتخب کیا گیا اور اقوام متحدہ محتسب ورکنگ گروپ کے وائس چیئرمین مقرر کیا گیا، جو پاکستان کے محتسب اداروں اور اصلاحات کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور کم لاگت انصاف فراہم کرنے والے ادارے عوام کے اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ان کا کسی سرکاری ادارے سے کوئی مسئلہ ہو تو ایک آزاد فورم موجود ہے جو ان کی بات سنے گا اور مفت و بروقت انصاف فراہم کرے گا۔انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے شفافیت، جوابدہی اور سروس ڈلیوری کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ اعداد و شمار صرف اعداد نہیں بلکہ وہ شہری ہیں جن کی شکایات سنی اور حل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محتسب کے دفتر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی تاکہ اس کی رسائی، استعداد اور خودمختاری مزید مضبوط ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محتسب کی بڑھتی ہوئی عوامی رسائی اور ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کے مجموعی گورننس ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور اس سے ادارہ جاتی نگرانی مضبوط ہوتی ہے، جس سے مجموعی طور پر نظام بہتر ہوتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button