*وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ اجلاس*

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی، بلاتعطل شہری سہولیات اور جامع انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور ریاض حسین شاہ شیرازی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو، صوبائی سیکریٹریز، چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔مذہبی برادری کے نمائندوں میں جعفریہ الائنس کے رہنما علامہ باقر حسین زیدی، سید شبر رضا زیدی، سید ندیم حیدر، حسن صغیر عابدی، سید علی صادقین اور دیگر علما نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور محرم کے انتظامات سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔

وزیراعلیٰ نے مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکموں کو مکمل طور پر چوکس رہنے اور مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس سے قبل وزیراعلیٰ نے اجلاس میں علما کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز سُنیں اور انہیں منصوبے کا حصہ بنانے کی ہدایت دی۔مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور مذہبی اجتماعات کے دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں اور میونسپل ایجنسیوں کو جلوسوں کے راستوں پر صفائی مہم مکمل کرنے، اسٹریٹ لائٹس کی بہتری، پینے کے پانی کی دستیابی اور نکاسی آب و سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔وزیراعلیٰ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حساس مقامات پر جامع سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور علما، جلوس منتظمین اور کمیونٹی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس کو جامع سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے شرکا کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور اتحاد کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے اور اس مقدس مہینے کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور سندھ بھر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

جواب دیں

Back to top button