الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ خبر حقائق کے برعکس،بے بنیاد اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان واضح کرتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انتخابی شیڈول تاحال فیلڈ میں ہے۔ تاہم، حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان سے گلگت بلتستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 کی متعلقہ شقوں میں مجوزہ ترامیم/تبدیلیوں پر غور اور ضروری قانون سازی کا عمل مکمل کرنے کے لئے سات روز کی مہلت طلب کی گئی تھی۔ اس درخواست کے پیشِ نظر انتخابی پروگرام کو فی الحال معطل (Kept in Abeyance) رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے 3 جون 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انتخابی پروگرام جاری کیا گیا تھا، جبکہ 15 جون 2026 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے پولنگ ڈے 27 ستمبر 2026 بروز اتوار مقرر کیا گیا تھا۔حکومت گلگت بلتستان نے 13 اگست 2026 کو چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان سے درخواست کی تھی کہ گلگت بلتستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 کی متعلقہ شقوں میں مجوزہ ترامیم/تبدیلیوں پر غور اور ضروری قانون سازی کا عمل مکمل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو سات روز کا وقت دیا جائے۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان واضح کرتا ہے کہ مذکورہ سات روزہ مدت مکمل ہونے کے بعد، قانون اور آئینی تقاضوں کے مطابق آئندہ کا انتخابی پروگرام جاری کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے یا انتخابی شیڈول کے بارے میں صرف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کو مستند سمجھا جائے۔عوام، امیدواران، سیاسی جماعتوں، میڈیا اور تمام متعلقہ حلقوں سے اپیل ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق معلومات کے لئے صرف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔






