وفاقی وزیربرائے اقتصادی تعاون وترقی مسز سوینجا شولزےکی قیادت میں جرمن وفدکی وفاقی وزیراقتصادی امور احد خان چیمہ سے ملاقات

جرمن وفاقی وزیربرائے اقتصادی تعاون وترقی مسز سوینجا شولزےکی قیادت میں جرمن وفد نے وفاقی وزیربرائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں جرمنی کے ارکان اسمبلی، پاکستان میں تعینات جرمن سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ احد خان چیمہ نے جرمن وفاقی وزیر اور ان کے ہمراہ آئے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستانی کی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس سٹیٹس حاصل کرنے میں جرمنی کی جانب سے مدد پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے بعد 91 اشاریہ 1 ملین یورو کی امداد پر بھی جرمن حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے مزید اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تین شعبوں میں درآمدات کے لئے کوشاں ہیں جن میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہنرمند لیبر شامل ہیں۔ اقتصادی بحالی کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف فریم ورک کے مطابق حکومت اس کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہی ہے۔ اس کے علاوہ احد خان چیمہ نے پاکستان میں پن بجلی (ہائیڈرو پاور) کے منصوبوں پر تعاون جاری رکھنے پر جرمن حکومت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ جرمنی کی حکومت توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجنز سے نمٹنےکے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ جرمن وفاقی وزیر سوینجا شولزےنے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جرمنی پاکستان کو پائیدار توانائی کے منصوبوں کے لئے 24ملین یورو کی امداد دے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی مزید بہتری پرزور دیا۔ دونوں جانب سے موسم دوست (کلائیمیٹ فرینڈلی) منصوبوں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان کی معیشت کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

جواب دیں

Back to top button