وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت کراچی میں پیپلز پارٹی کے 13 ٹاؤنز چیئرمینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلٰی سندھ سید وقار مہدی، مئیر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب اور وزیر اعلٰی سندھ کے مشیر نجمی عالم نے بھی شرکت کی۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ تمام ٹائونز کے چیئرمینز اپنے وائس چیئرمینز اور یوسی کے چیئرمین، وائس چیئرمینز اور کونسلرز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں۔کسی بھی ٹائونز کی جانب سے ان کے وائس چیئرمین یا کونسلرز تک کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز اور یوسی کی سطح تک عوام کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں تمام یونین کمیٹیوں، یونین کونسلز، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن کے تمام ملازمیں کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر کی جانب سے پارٹی کے تمام چیئرمینز سے ان کی کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ اس کارکردگی رپورٹ پر آئندہ ماہ تمام ٹاونزکے چیئرمینز سے باز پرس کی جائے گی اور اس کی رپورٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔ پارٹی چیئرمین نے واضح طور پر احکامات دئیے ہیں کہ پارٹی کے منتخب نمائندے اور پارٹی کی تنظیم باہمی رابطے کو مزید بہتر کریں تاکہ کراچی کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ کے ایم سی اور ٹائونز کے مابین رابطے مضبوط ہوں۔
جلد ہی ہر ٹائونز کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کرکے ان کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ کراچی کے تمام 25 ٹائونز ہمارے ہیں اور ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ واٹر بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ سمیت تمام اداروں کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔ ہمارا مقصد صرف اور صرف کراچی کو روشنیوں کا شہر اور مسائل سے پاک شہر بنانا ہونا چاہیے۔