الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ایک مرتبہ پھر موخر کر دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا گیا، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات کا شیڈول تاحکم ثانی معطل رہے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں حالیہ ترامیم کے باعث انتخابات ملتوی کئے گئے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پانچویں مرتبہ ملتوی کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق وفاقی حکومت نے
لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترمیم کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی منظوری دے چکے ہیں جس کے بعد گزٹ نوٹفکیشن جاری کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوایا گیا ۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترمیم کے بعد اب یونین کونسلز کی از سر نو حلقہ بندیاں ہوں گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے آخری شیڈول کے مطابق پولنگ 9 اکتوبر ہونا تھی ۔اس سے قبل29 ستمبر پولنگ کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔یہ بات اہم ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں ایک جیسے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔وفاقی اور پنجاب حکومت قانون سازی کو جواز بنا کر بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ہے۔پنجاب میں الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں سے روکنے کے لئے پنجاب حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ایک ماہ کے اندر قانون سازی کا وقت دیا تھا اور دوسری صورت میں موجودہ ایکٹ کے مطابق حلقہ بندیوں کا عندیہ یا وارننگ دے دی تھی لیکن اس الیکشن کمیشن کے احکامات کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پنجاب میں قانون سازی کو منظور کر کے الیکشن کمیشن کو مسودہ نہیں بجھوایا گیا ہے۔وفاقی اورپنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں۔





