پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پچیسیوں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 6 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 14 ارب 49کروڑ 23لاکھ 83ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کیلئے 9 ارب 70کروڑ روپے، تل، سویا بین اور کینولا کے فروغ کے سلسلہ میں برآمدات میں اضافہ کیلئے 88کروڑ 63لاکھ 83ہزار روپے، وزیر اعلیٰ پنجاب گرین کریڈٹ منصوبہ کیلئے 1 ارب روپے، جنگلات، وائلڈ لائف اور فشریز ڈیپارٹمنٹ میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن سیل کے قیام کیلئے 1 ارب 20کروڑ روپے، پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے سلسلہ میں محکمہ جنگلی حیات کی مضبوطی اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے 1 ارب روپے اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام(ترمیمی) کیلئے 70کروڑ 60لاکھ روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔