گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے قومی ہیرو اولمپئن چیمپئن ارشد ندیم کو 15کروڑ روپے کا چیک پیش کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اور زیادہ محنت کریں گے اور پیرس اولمپک کے بعد عالمی ریکارڈ بھی بنائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پیپلز پارٹی کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی موجودہ صورت حال میں آصف علی زرداری ہی قوم کو متحد کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کی وجہ سے یہ حکومت چل رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری واحد شخصیت ہیں جو ملک کو درپیش مسائل پر سب کو جوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے دوچار ہے۔ عوام کے لیے سب سے بڑی مشکل بجلی کے بل ہیں اور جب بل آتا ہے تو غریب آدمی روتا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے تاکہ ملک معاشی طور مضبوط ہو اور ترقی کی منازل طے کرے۔گورنر پنجاب نے بین الاقوامی سطح پر تقریری و مضمون نویسی کے مقابلے میں نمایاں کاکردگی دکھانے پر اسما فاطمہ کو تعریفی سند سے بھی نوازا۔