وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب اور صفائی کی آئوٹ سورسنگ کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق نے صوبائی وزیر کو تحصیل کی سطح پر کنٹریکٹرز کے انتخاب کے جاری عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب میں صفائی کا معیاری اور دیرپا نظام لانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کا ماڈل ہی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کامیاب طریقہ ہے۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ شہریوں کی شرکت کے بغیر صفائی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ سموگ کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے آگاہی مہم چلائیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ ماڈل کے تحت کوڑے کی تفریق کر کے اس کو الگ الگ طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا۔ ڈمپنگ سائٹ میں کوڑا کرکٹ محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے لئے لینڈ فل سائٹس بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر گائوں میں ایک کولیکشن پوائنٹ بنایا جائے گا جہاں سے کوڑا بعدازاں ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے دیہات میں روایتی چھپڑوں کی بحالی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے چھپڑ ایکوسسٹم کے لئے اہم تھے لیکن انہیں تباہ کر دیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلی بار دیہات اور شہروں میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں صفائی کا ایسا دیرپا نظام لائیں گے جسے مستقبل میں بھی برقرار رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button