وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے تمام ضلعی انتظامیہ کو صفائی کے آئوٹ سورسنگ ماڈل کی مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ نئے نظام کی کامیابی کے لئے شہریوں کی اس میں زیادہ سے زیادہ شمولیت ضروری ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے ساتھ پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 64 تحصیلوں میں آئوٹ سورسنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ لاہور اور ساہیوال ڈویژن کے سوا تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اسی ماہ پراسیس مکمل کر لیں گی۔ اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے بعد نجی کنٹریکٹرز کو ذمہ داری دینے سے پہلے ہر تحصیل میں زیرو ویسٹ کا کام مکمل ہونا چاہیئے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہر تحصیل میں ایک کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس بلا کر زیرو ویسٹ سمیت دیگر انتظامات یقینی بنائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف اگلے ماہ آئوٹ سورسنگ ماڈل کا افتتاح کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلی مریم نواز کے صفائی سے متعلق مقرر کردہ اہداف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پہلی بار دیہی، شہری علاقوں میں صفائی کا آئیڈیل اور یکساں نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے نشاندہی کی کہ دیہات میں صفائی کی نگرانی کا موثر میکانزم بنانا نیا تجربہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر ضلعی انتظامیہ نئے نظام کے تقاضوں کو قبل از وقت سمجھے اور خامیوں کو دور کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام کمشنرز کو مانیٹرنگ کا موثر میکانزم ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موثر مانیٹرنگ کے ساتھ ہی اہداف کا حصول ممکن ہوتا ہے۔ چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلی کے ستھرا پنجاب ویژن پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔






