ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری سے پہلے موثر ماسٹر پلان ضروری ہے، وزیراعلٰی نے غیر قانونی سکیموں کے حوالے سے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے، ذیشان رفیق

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی ریگولرائزیشن کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے شریک کنوینر وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، ڈی جی ایل ڈی طاہر فاروق، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔ ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے زرعی اراضی کا کمرشل استعمال ریگولرائز کرنے پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی سکیموں کے حوالے سے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نجی ہائوسنگ سکیموں میں شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیموں کی منظوری سے پہلے موثر ماسٹر پلان کی تیاری ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ غیر قانونی سکیموں کے باعث انتظامی اور ماحولیاتی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کی ریگولرائزیشن کرنا ضروری ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے ہائوسنگ سکیموں کی منظوری میں تاخیر سے بھی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی ایل ڈی اے کو اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سکیموں کے لئے محکمانہ این او سیز کی تعداد گھٹانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبائی سطح پر اتھارٹی کے ذریعے موجودہ طریقہ کار میں موجود خامیوں کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سکیموں کے ماسٹر پلان میں دی گئی سہولیات میں بعدازاں ردوبدل کا سدباب کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ لاہور کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی منظم طریقہ کار وضع کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ قیمتی زرعی اراضی کے دانشمندانہ استعمال کے لئے اقدامات بہت ضروری ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بعض سکیموں میں پلاٹوں کی اوور سیلنگ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس روایت کی حوصلہ شکنی کرنے کے لئے یہ کمیٹی موثر سفارشات تجویز کرے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کمیٹی کو مختلف پہلوئوں پریذینٹیشن بھی دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button