شہر میں صاف ماحول کی فراہمی اور سموگ کے تدارک کے لیے لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی آپریشن چھٹی کے روز بھی بلا تعطل جاری رہا۔موثر صفائی اقدامات کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی نےسموگ سے بچاؤ کیلئے انٹی سموگ سکواڈ تشکیل دے دیئے ہیں ۔
فیوجیٹو ڈسٹ کنٹرول کرنے کیلئے تمام اہم شاہراہوں پر مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں روڈ سائیڈ سکریپنگ، پانی کے چھڑکاؤ اور مکینیکل سویپنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔مزید برآں ملتان روڈ، بھیکے وال موڑ، پنجاب یونیورسٹی، کوئین میری روڈ، گول باغ، شاد باغ، میکلورڈ روڈ، علامہ اقبال روڈ،جی ٹی روڈ، فیروز پور روڈ، کچا جیل روڈ، مادر ملت روڈ، رائیونڈ روڈ پر سکریپنگ کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔پائن ایونیو، اڈا پلاٹ، رائیونڈ روڈ، خیابان فردوسی پر مکینیکل سویپنگ کی جارہی ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز میں مرحلہ وار سکریپنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔عمارتی ملبہ اور کچرا روڈ سائیڈ پر پھینکنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ایل ڈبلیو ایم سی لاہوریوں کو سموگ فری ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ سموگ کے تدارک کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کا ساتھ دیں۔عمارتی ملبہ اور کچرا روڈ سائیڈ پر پھینکنے اور کوڑے کو آگ لگانے سے اجتناب کریں۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں ۔