الیکشن کمیشن نے سندھ کے 18 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی مختلف کیٹگری کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے تیاری مکمل کرلی ہے، 35 نشستوں کے لئے مختلف جماعتوں اور آزاد 180 امیدواروں کے مابین مقابلہ متوقع ہے، پولنگ 14 نومبر کو ہوگی ،مجموعی طور پر4 لاکھ 63 ہزار 493 ووٹرز کے لئے 290 پولنگ اسٹیشن اور 1039 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، جہاں پر 2 ہزار 658 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ پولنگ کی نگرانی کرےگا۔ ضمنی انتخابات 77 نشستوں کے لئے ہونے تھے جن میں سے 35 پر14 نومبر کو پولنگ ہوگی اور38 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، جبکہ 3 نشستیں پھر خالی رہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبہ سندھ کے 26 اضلاع جیکب آباد، کشمور، شکار پور ، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، نوشهر و فیروز ، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میر پور خاص، عمرکوٹ، تھر پارکر، مٹیاری، ٹنڈو الہیار ، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹہ ، ملیر، کورنگی کراچی، کراچی غربی، کراچی جنوبی ، کراچی وسطی اور کیماڑی میں 77 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے۔ جن میں کاغذات نامزدگی 73 نشستوں کے لئے جمع ہوئے، بعدازاں 38 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، 4 نشستیں کاغذات نامزدگی جمع نہ ہونے یا کاغذات مسترد ہونے کی وجہ سے خالی رہ گئی اور اب 14 نومبر کو 35 نشستوں پر امید واروں کا مقابلہ ہو گا۔الیکشن کمیشن کی پولنگ سکیم کے مطابق مجموعی پر پولنگ والی 35 نشستوں میں 4 لاکھ 63 ہزار 493 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں سے 2 لاکھ 48 ہزار 134 مرد اور 2 لاکھ 15 ہزار 659 خواتین ووٹرز ہیں، جن کے لئے 290 پولنگ اسٹشین اور1039 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 2 ہزار 658 افراد پر مشتمل پولنگ عملہ پولنگ کی نگرانی کرے گا، جن میں سے 290 پریذائیڈنگ افسران، 1039 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران، 1039 پولنگ افسران اور 290 نائب قاصدین شامل ہیں۔