افواج پاکستان نے 10 مئی کو ہمت و جوانمردی کی انمٹ مثال قائم کی،وزیر بلدیات ذیشان رفیق،یوم تشکر پر پیغام

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے یوم تشکر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ افواج پاکستان نے 10 مئی کو ہمت و جوانمردی کی انمٹ مثال قائم کی۔ پاکستانی قوم صحیح معنوں میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر قوم نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا جس نے طاقت کے نشے میں چور دشمن کا گھمنڈ توڑنے میں پاکستان کی مدد فرمائی اور آج ہم اقوام عالم میں سر اٹھا کر کھڑے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر قیادت پنجاب میں بھی یوم معرکہ حق بھرپور انداز میں منایا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص” کی کامیابی کا اعتراف صرف پاکستان میں نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔ مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ ایک طرف بھارتی میڈیا پاکستان میں گھس کر مارنے کے جھوٹے دعوے کرتا رہا جبکہ دوسری جانب انکی قیادت سیز فائر کیلئے عالمی طاقتوں کے ترلے کرتی رہی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مئی 2025 کے اس معرکے میں تینوں مسلح افواج نے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا کوئی بھی دشمن آئندہ ہزار بار سوچے گا۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد۔

جواب دیں

Back to top button