وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پشاور تعلیمی بورڈ کا دورہ، نو تعمیر شدہ جمنازیم کا افتتاح

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پشاور تعلیمی بورڈ کا دورہ کیا، صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی اور دیگر بھی وزیر اعلٰی کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلٰی نے بورڈ میں نو تعمیر شدہ جمنازیم کا افتتاح کر دیا۔ جمنازیم 16 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔جمنازیم میں باکسنگ، کراٹے، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، باڈی فٹنس جم اور ریسلنگ سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں۔ طلباء، اساتذہ، سٹاف اور لوکل کمیونٹی اس جمنازیم سے مستفید ہوں گے۔ یہ جمنازیم مختلف کالجز اور بورڈز کے درمیان مقابلوں کی میزبانی بھی کرے گا۔وزیر اعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز کرکٹ اینڈ ٹینس مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات میں بھی شرکت کی۔ یہ مقابلے 9 نومبر کو شروع ہوئے جو آج 13 نومبر کو اختتام پذیر ہوئے۔

مقابلوں میں خیبر پختونخوا اور ملک کے مختلف بورڈز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹینس کے مقابلوں میں پانچ مختلف بورڈز بشمول لاہور، مردان، فیصل آباد، پشاور اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لاہور نے شرکت کی۔لاہور بورڈ نے ان مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی، مردان بورڈ نے دوسری پوزیشن جبکہ پشاور بورڈ اور پی بی ٹی ای لاہور مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔کرکٹ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے شرکت کی، جن میں لاہور بورڈ، فیصل آباد بورڈ، ایبٹ آباد بورڈ، ملاکنڈ بورڈ، ڈی آئی خان بورڈ، بنوں بورڈ، سوات بورڈ، مردان بورڈ ، پشاور بورڈ اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لاہور شامل ہیں۔ کرکٹ کے مقابلوں میں لاہور بورڈ کی ٹیم نے پہلی جبکہ پشاور بورڈ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے ان مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹیموں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ وزیراعلٰی نے اپنی طرف سے ان مقابلوں میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لئے 50، 50 ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button