پنجاب کی 93 تحصیلوں میں آؤٹ سورسنگ مکمل،وزیراعلٰی مریم نواز کی زیرنگرانی بڈنگ کا عمل تیز رفتار اور شفاف انداز میں مکمل کیا گیا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور کی 5 تحصیلوں سمیت پنجاب کی 93 تحصیلوں میں آئوٹ سورسنگ ماڈل کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ منتخب تحصیلوں میں ون ٹائم زیرو ویسٹ یقینی بنانے کا بھی آغاز ہوگیا۔ وزیراعلی مریم نواز کی طرف سے لانچنگ کے بعد باضابطہ طور پر صفائی کی ذمہ داریاں کنٹریکٹرز کے سپرد کر دی جائیں گی۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آئوٹ سورسنگ کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ پنجاب کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے کنٹریکٹرز کو ذمہ داری سونپنے سے پہلے تمام متعلقہ مشینری فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صفائی کے موثر اور دیرپا نظام کا آغاز ہونے والا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیرنگرانی بڈنگ کا عمل تیز رفتار اور شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز جلد ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت آئوٹ سورسنگ ماڈل کی لانچنگ کر کے صوبے کے عوام کو تحفہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صفائی کی معیاری سہولیات کیلئے ہر ممکن فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انشااللہ پنجاب کے تمام دیہات اور شہروں میں صفائی کا ایک نیا کلچر سامنے آئے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ پلان میں شہریوں اور عوامی نمائندوں کا تعاون ضروری ہے۔ اس حوالے سے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئوٹ سورسنگ کے موجودہ مرحلے میں کسی سستی اور کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ اس لئے تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں محکمہ بلدیات کی جانب سے گاہے بگاہے جاری گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ذیشان رفیق نے اس پہلو کی بھی نشاندہی کی کہ صفائی کے اہداف حاصل کر کے سموگ جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام انسداد سموگ کے طویل مدتی پلان میں بھی معاون ہوگا۔ وزیر بلدیات نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو صوبائی سطح پر سیل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ سیل سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کے معاملات طے کرنے میں مدد کریگا۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہر تحصیل میں ون ٹائم زیرو ویسٹ کی تحریری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے کام کی کنٹریکٹرز کو حوالگی سے قبل ون ٹائم صفائی ضروری ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ تحصیل پر قائم کی گئی کوآرڈینیشن کمیٹی زیرو ویسٹ کا کام یقینی بنائے اور تصویری شواہد سیکرٹری آفس کو بھیجے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button