وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ڈویژنز کی سطح پر نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے منتخب نمائندگان کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلٰی کی زیر صدارت دوسرے مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن کے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے مشاورت کی گئی۔ کوہاٹ کے پانچوں اضلاع کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ وزیراعلی کے مشیر برائے خزانہ، محکمہ منصوبہ بندی اور ڈویژنل انتظامیہ کوہاٹ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور فنڈز الوکیشن کی صورتحال کا جائزہ۔ متعلقہ حکام کی جانب سے کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے سیکٹر وائز بریفنگ۔ اجلاس کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے مجوزہ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلٰی کی متعلقہ حکام کو اگلے بجٹ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کی تکمیل کے لئے سو فیصد فنڈز مختص کرنے کی ہدایت، اگلے بجٹ میں جاری منصوبوں کی بروقت جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہوگی، اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد حصہ جاری منصوبوں کے لئے مختص کیا جائے گا، اشد عوامی ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اگلے ترقیاتی پروگراموں میں شامل کرنے کے لئے نئے ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے حتمی شکل دے رہے ہیں، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے نئے منصوبوں کی فیزیبلٹی اور پی سی ونز بروقت تیار کئے جائیں، نئے ترقیاتی پروگرام میں جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، اگلے بجٹ میں ٹیوب ویلز سولرائزیشن کے تمام منصوبوں کو فل فنڈ کیا جائے گا۔
منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں کرائے کی عمارتوں میں سکولز اور کالجز کے قیام کے لئے بروقت تجاویز جمع کریں، اگلے بجٹ میں دور افتادہ علاقوں میں صحت کے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے،کوئی ضلع ایسا نہ رہے جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نہ ہو اور کوئی تحصیل ایسا نہ رہے جہاں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال نہ ہو، پہلے سے موجود ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے۔ اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں تیل وگیس کے پیداواری اضلاع کے لئے رائلٹی کے فنڈز سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض۔ اگلے بجٹ میں کوہاٹ ڈویژن کو رائلٹی کے شئیر کا سو فیصد دیا جائے گا، کرم میں امن کی بحالی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے قوموں اور علاقوں کے لئے ترقیاتی پروگرام میں خصوصی پیکیج رکھا جائے گا۔






