وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ شہروں میں واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم اور پارکوں کی صورتحال بہتر بنا رہے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز کی حکومت نے عوامی بہتری کی سکیموں میں نئی جان ڈال دی ہے۔ وہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پی آئی سی آئی آئی پی) کے زیراہتمام ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر صوبوں سے وفود نے بھی شرکت کی۔ آئی سی آئی آئی پی کے مینجنگ ڈائریکٹر حمزہ سالک نے ادارے کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسی اور 5 اداروں کے درمیان ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اکیڈمی محمود اقبال گوندل نے اپنے ادارے کی جانب سے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی میں مختلف میونسپل سکیموں کام ہو رہا ہے۔ ڈریمز ون پراجیکٹ سے ان شہروں میں معیار زندگی بلند ہوگا۔ ڈریمز ٹو پراجیکٹ بھی جلد شروع ہو جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی آئی سی آئی آئی پی کی نگرانی میں واٹر سپلائی کی سکیموں پر 3203 ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ ٹرنک مین سیور لائنز 4043 ملین روپے سے بہتر کی جا رہی ہیں جبکہ ویسٹ واٹر پلانٹس پر 4259 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔ دنیا لمبی لمبی کاغذی فائلز سے بہت آگے نکل چکی ہے۔ شہروں کی ڈیجیٹائزیشن نہ کی تو دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سکیموں کی منظوری کے لمبے عمل سے مطلوبہ نتائج نہیں ملتے۔ ہمیں چور راستے بند کر کے صرف عوامی بہتری پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا ویژن ہے پنجاب کو دہائیوں تک چلنے والا نظام دیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کی شکل میں ایک مکمل سالڈ ویسٹ سسٹم صوبے کے عوام کو دیا۔ جس کے تحت شہروں اور دیہات میں صفائی کی یکساں خدمات آپریشنل ہو چکی ہیں۔
ذیشان رفیق نے زور دے کر کہا کہ پلاننگ کے ساتھ گروتھ سے ہی معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور اس کے لئے پی آئی سی آئی آئی پی اچھا کردار ادا کر رہا ہے اور مبارکباد کا مستحق ہے۔ پنجاب کے عوام کی فلاح کے لئے تعاون پر ایشیائی بینک کے بھی شکر گزار ہیں۔