وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کریم پارک، بلال گنج میں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے منصوبے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 60 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے اس منصوبے کو تین ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد 18 لاکھ گیلن بارشی پانی محفوظ کیا جا سکے گا، جس سے بلال گنج اور کریم پارک کے ساتھ دیگر ملحقہ آبادیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ "یہ منصوبہ بارش کے پانی کے ضیاع کو روکنے اور پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔”

اہلیانِ حلقہ نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پانی کے ذخیرے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے جو نہ صرف پانی کی قلت پر قابو پائے گا بلکہ علاقے کے مسائل حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔واساً ٹیم کی جانب سے منصوبے کی روزانہ نگرانی کا عزم ظاہر کیا گیا تاکہ معیار اور وقت پر منصوبہ مکمل کیا جا سکے۔






