وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا دورہ ایبٹ آباد،کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں 99 نکاتی عوامی ایجنڈے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کو مزیر بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز خود کھلی کچہریاں منعقد کریں، اضلاع کے دیگر مقامات پر اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر حکام کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقد کریں، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اپنے دفاتر میں عوام سے ملاقات کے لئے روزانہ کم سے کم ایک گھنٹہ مقرر کریں۔وزیر اعلیٰ نے ڈویژن میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ اور کرش پلانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کرش پلانٹس فوری طور پر بند کئے جائیں، ڈویژن میں واقع غیر رجسٹرڈ گوداموں کو یکم جنوری تک رجسٹر کیا جائے۔وزیر اعلیٰ کی انتظامیہ کو یکم جنوری تک پٹواریوں کے دفاتر متعلقہ حلقوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ یکم جنوری تک جو پٹواری اپنے متعلقہ حلقوں میں شفٹ نہ ہوں انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے، علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کریں، ان جائزہ اجلاسوں میں متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے، عوامی مسائل سے متعلق آگہی کے لیے سرکاری حکام اور پارلیمنٹیرینز عوامی رابطے بڑھائیں۔ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی سکیموں سے متعلق عوامی آگہی اور پبلک فیڈ بیک کے لیے سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال عمل میں لائیں۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں ، عوام کو ان کی اونرشپ لینی ضروری ہے۔ عوام حکومت کی ٹیم بن کر ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی نگرانی کریں۔ غیر معیاری کام کی صورت میں لوگ نشاندہی کریں ، حکومت ایکشن لے گی۔
عوام کا سرکاری ادروں پر اعتماد بڑھایا جائے ، عوامی حمایت کے بغیر کوئی کام بھی ممکن نہیں۔ دکانوں اور دیگر مراکز کے معائنے کے لیے متعلقہ محکموں پر مشتمل ایک ہی ٹیم وزٹ کرے، انسپکشن کے نام پر کاروباری لوگوں کو بے جا تنگ نہ کیا جائے۔ پہلی بار خلاف ورزی پر دکانداروں کو پہلے وارننگ دی جائے،پھر کارروائی کی جائے۔ جرمانے وصول کرنے کے لیے ای پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کے منشیات کے عادی افراد کو بحالی کے لیے پشاور بھیجنے کی بھی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ وزیر اعلیٰ کی ہزارہ ڈویژن کے 4 پسماندہ اضلاع میں کرائے کی عمارتوں میں 8 گرلز اور بوائز ڈگری کالجز قائم کرنے کی ہدایت۔ وزیراعلیٰ کی مانسہرہ میں دستیاب سرکاری عمارت میں میڈیکل کالج کی کلاسز بھی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلٰی نے متعلقہ حکام کو ہزارہ ڈویژن میں روڈ انفراسٹرکچر کے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔