پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 52ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 10ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 20 ارب 67کروڑ 60لاکھ 84ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ملتان میں ریلوے پھاٹک چک آر ایس شجاع آباد ایکسپریس وے پر فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 50کروڑ 50لاکھ 12 ہزار روپے، ننکانہ صاحب میں سانگلہ ہل تا سکھیکی روڈ کی دوبارہ تعمیر / بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 62کروڑ 55لاکھ 37ہزار روپے، سرگودھا میں بھیرہ بھلوال روڈ کی بہتری و بحالی / کشادگی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 9کروڑ 51لاکھ 23 ہزار روپے، حافظ آباد میں حافظ آباد تا سکھیکی منڈی کارپٹ روڈ کی مرمت و کشادگی (ترمیمی) کیلئے 97کروڑ 69لاکھ 75ہزار روپے، فیصل آباد میونسپل کمیٹی کی حدود تا رنگ روڈ فیصل آباد مختلف روڈز کی بہتری / بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 41کروڑ 23لاکھ 16ہزار روپے، ننکانہ صاحب میں ننکانہ صاحب تا شاہ کوٹ روڈ کی بحالی (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 32کروڑ 88لاکھ 36ہزار روپے، جھنگ گوجرہ روڈ کی مرمت و بحالی (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 65کروڑ 57لاکھ 29ہزار روپے، فیصل آباد میں کھریانوالا – جڑانوالہ روڈ کی مرمت و بحالی (ترمیمی) کیلئے 87کروڑ 44لاکھ 76ہزار روپے، گورنمنٹ انجینئرنگ اکیڈمی پنجاب کے نئے کیمپس کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 61کروڑ 71لاکھ 12 ہزار روپے اور منڈی بہاؤ الدین میں پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو انفراسٹرکچر، تعلیمی اور آپریشنل سہولیات کی فراہمی (ترمیمی) کیلئے 7 ارب 58کروڑ 49لاکھ 68ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔