چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے جی ایم سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی. ملاقات میں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور اسلام آباد میں گیس کے مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا.سوئی ناردرن گیس کے جی ایم نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بتایا کہ اسلام آباد کے مین سیکٹرز میں گیس کی پرانی پائپ لائنز کے نیٹ ورک کی تبدیلی کے کام کا جلد آغاز کررہے ہیں. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انجینئرنگ اور انوائرمنٹ ونگز اس ضمن میں ایس این جی پی ایل کو جلد این او سی جاری کریں. انہوں نے کہا کہ پرانی پائپ لائنز کے نیٹ ورک کی تبدیلی کے حوالے سے ایس این جی ایل کے ساتھ بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں.

جی ایم سوئی ناردرن گیس نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بتایا کہ موسم سرما میں اسلام آباد کے صارفین کو کھانے کے اوقات میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور اس حوالے سے ایس این جی پی ایل اسلام آباد میں گیس پریشر کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی اپنا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ گندھارا سٹیزن کلب، F-9 کے لئے گیس کے فوری کنکشن کو یقینی بنایا جائے. انہوں نے میگا پراجیکٹس میں ایس این جی پی ایل کی سروس لائنز کی بروقت منتقلی میں کردار کو سراہا. ملاقات میں سوئی ناردرن گیس اور سی ڈی اے کا مستقبل میں باہمی تعاون اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا.






