پنجاب کے16 شہروں میں پی سی پی بروقت مکمل کرنے کی ہداہت51 ارب کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کے 16 شہروں میں میونسپل خدمات کی فراہمی کا منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پراجیکٹ کے لئے 51 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ وہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ پی ایم ڈی ایف سی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پنجاب کے 16 شہروں میں میونسپل سروسز کی فراہمی کا منصوبہ آگے بڑھ رہا ہے جس کے تحت سیوریج، واٹر سپلائی، برساتی پانی کے نکاس، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکوں، سڑکوں اور بس اڈوں کی بحالی کی سکیمیں جاری ہیں۔ پنجاب سیٹیز پروگرام (پی سی پی) کے تحت حافظ آباد، جہلم، ڈسکہ، کامونکے، وہاڑی، مریدکے، وزیرآباد، گوجرہ، بہاولنگر، کوٹ ادو، خانیوال کی ماسٹر پلاننگ کرلی گئی ہے۔ بورے والا، اوکاڑہ، کمالیہ اور جھنگ بھی اسی پراجیکٹ میں شامل ہیں۔ وزیر بلدیات نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی سی پی سال رواں میں مکمل ہو جائے گا۔ شہریوں کو معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی وزیراعلی مریم نواز کا مشن ہے۔ پروگرام کا دائرکار پنجاب کے دیگر شہروں تک بھی وسیع کیا جائے گا۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ کم وسائل سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ اس کے لئے پی ایم ڈی ایف سی کو اپنی رفتار تیز کرنا ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیلنجز کو مدنظر رکھ کر ماسٹر پلاننگ پر خاص توجہ دیں۔ میونسپل افسروں کی خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے پبلک سروس کمیشن کو درخواست کردی ہے۔ بھرتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے یہ ہدایت بھی کی کہ پی سی پی کے لئے کنسلٹنٹ کا انتخاب شفاف طریقے سے کیا جائے۔ پی ایم ڈی ایف سی 16 شہروں کے پارلیمنٹیرینز کو بھی اعتماد میں لے کیونکہ مقامی منتخب نمائندوں کی مشاورت کے بغیر اہداف کا حصول مشکل ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button