کمشنر لاہور زید بن مقصود نے صفائی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مناواں تا جلو موڑ واہگہ کا جائزہ دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسی رضا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحبدین، سی او ایم سی ایل شاہد کاٹھیا اور متعلقہ اے سی بھی ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر لاہور نے جی ٹی روڈ، قائد اعظم انٹرچینج رنگ روڈ تا واہگہ بارڈر 13کلومیٹر روڈ کی بحالی و ازسرنو تعمیر کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔

سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پنجاب ہائی وے کے افسران نے آن سپاٹ بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ روڈ کی تعمیر و بحالی ٹریفک روانی کیلئے اہم ہے، پی ایچ اے ہارٹیکلچر ورک کی پلاننگ کرے، روڈ کے بہترین سیوریج میکانزم کیلئے واسا کے ساتھ پلان کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور نے مناواں تا واہگہ صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے صفائی ستھرائی بارے کمشنر لاہور کو بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے رنگ روڈ تا واہگہ روڈ کی تعمیر و بحالی کی جامع پلاننگ کیلئے تمام متعلقہ محکموں کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔






