وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کا آغازکر دیا گیا ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی ہدایت پر ہر روز 2 نئی یونین کونسلز میں لوڈر رکشے ڈور ٹو ڈور کولیکشن پر تعینات کیے جا رہے ہیں۔

یو سی 153، یو سی 141 میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کیلئے 10 10 لوڈر رکشے مہیا کر دئیے گئے ہیں،جبکہ مرحلہ وار لاہور کی 274 یونین کونسلز میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن یقینی بنانے کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی خود فیلڈ میں متحرک ہیں۔ شہر میں مختلف علاقوں میں صفائی انتظامات کے جائزے کے دوران بابر صاحب دین نے دوکانداروں، گلی محلے کے رہائشیوں سے ڈور ٹو ڈور مہم کے بارے میں گفتگو بھی کی۔ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن شروع کرنے پرعلاقہ مکین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس اقدام کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔مزید برآں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے گلشن پارک، حمید پورہ، نبی پورہ، فتح گڑھ میں لوڈر رکشوں کی ورکنگ کو چیک کیاجبکہ شالامار لنک روڈ، مسلم کالونی، رام گڑھ، انگوری باغ میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے اہل لاہور سے بھی گزارش کی ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی صفائی ٹیموں سے تعاون کریں،گلیوں، محلوں میں کوڑا پھینکنے کی بجائے ایل ڈبلیو ایم سی عملے کے حوالے کریں۔ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔






