کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے 265ارب روپے لاگت سے993 منصوبوں پر کام جاری ہے، صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کا نظام آؤٹ سورس کردیا گیا، ڈویژن کے تمام اضلاع میں تاریخی اہمیت کی عمارتوں کو محفوظ بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد نوید کے ہمراہ نیپا اسلام آباد میں 42 ویں مڈ کیئریر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل کمشنر محمد شفیق، اے سی ریونیو محسن ڈھلوں، اے سی جی امتل الاالسلام، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالرؤف بھی موجود تھے۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا

کہ ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت2ارب روپے لاگت سے ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ کی ری ویمپنگ کی گئی ہے، گوجرانوالہ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال میں سہولیات میں بہتری اور برن یونٹ کا قیام، چلڈرن ہسپتال کا قیام، حافظ آباد میں دسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، گجرات کے علاقہ لکھنوال میں ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال کی تعمیر، ناروال میں میڈیکل ٹیچنگ کالج کا قیام نمایاں منصوبے ہیں، یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کی تعمیر کا کام جاری ہے، سیالکوٹ میں ویمن یونیورسٹی، سمبڑیال میں جدید انجینئرنگ یونیورسٹی کی تعمیر جاری ہے، قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں نئے کیمپس کا قیام، ایجوکیشن بورڈ میں جدید ملٹی پرپز ہال بنایا جارہا ہے۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر سگنل فری کورویڈرو، عمر کوٹ تا ناروال لنک ایکسپریس وے، گجرات تا ڈنگہ ڈبل کیرج وے، گوجرانوالہ سے ایم ٹو انٹر چینج، سیالکوٹ تا پسرور دو رویہ روڈ، منڈی بہاوالدین تا سرائے عالمگیر روڈ، گوجرانوالہ تا شیخوپورہ روڈ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے نمایاں پراجیکٹس ہیں۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں سکھ کمیونٹی کے اہم مذہبی مقامات ہیں، دنیا بھر سے آنیوالے سکھوں کو انکے مذہبی مقامات پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، نیز وال سٹی اتھارٹی کی مدد سے تاریخی مقامات کی تزئین وآرائش و بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کا نظام آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، کنٹریکٹر کمپنیوں کی کارکردگی کی موثر مانیٹرنگ کیلئے کام کر رہے ہیں، ان کمپنیوں کو تین ماہ کے دوران سو فیصد وسائل موبلائز کرنا ہیں، مقررہ وقت کے بعد صفائی کے حوالے سے شکایات پر ایکشن ہوگا۔ کمشنر نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بلا تفریق ایکشن جاری ہے، کئی دہائیوں پرانی تجاوزات ختم کرکے گھنٹہ گھر کو اصل حالت میں بحال کیا جارہا ہے، ریڑھیوں کو مخصوص جگہ پر منتقل کرنے کے لئے ریڑھی بازار بنائے گئے ہیں، براہ راست شکایات، میڈیا کے ذریعے سامنے آنیوالے مسائل پر فوری نوٹس لیا جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد گوجرانوالہ نوید احمد نے بتایا کہ گورننس کی بہتری، بنیادی کارکردگی اعشاریوں پر عملدرآمد، ستھرا پنجاب اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا رسپانس سنٹر کے قیام (03290644442) وٹس رابطہ نمبر کے ذریعے ڈپٹی کمشنر تک ڈائریکٹ رسائی اور اس سے عوامی مسائل کے حل میں مدد بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ انتظامیہ سیاحت کے فروغ کیلئے جلد وال سٹی اتھارٹی کے اشتراک سے آگاہی واک کا اہتمام کررہی ہے جس کا مقصد شہر کی تاریخی عمارتوں، اندرون شہر میں حویلی راجہ رنجیت دنگھ، فوڈ سٹریٹ، شہر کے 7 تاریخی دروازوں اور ان کی بحالی کے حوالے سے بھی آگاہی دی جائے گی۔ سال 2024 میں سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد نے گوردوارہ روہٹری صاحب ایمن آباد، حویلی رنجیت سنگھ کا بھی دورہ کیا۔ سکھ کمیونٹی، اندرون و بیرون ممالک سے آنے والے مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں اور سکیورٹی کے مثالی انتظامات کو مہمانوں نے بھرپور سراہا۔ کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور انڈیا سے سکھ یاتری آئے جس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوا






