کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت یوم کشمیر، کرکٹ ٹرائی سیریز، ہارس اینڈ کیٹل شو، چیمپینز ٹرافی اور ریجنل کانفرنس انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے ذیشان رانجھا نے پی ایچ اے کے تحت ہارس ایڈ کیٹل شو پروگرامز بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فورٹریس میں ہارس اینڈ کیٹل شو کی افتتاحی تقریب و اوپننگ 9 فروری کو ہوگی، ہارس اینڈ کیٹل کے تحت دیگر پروگرام گریٹر اقبال پارک، جیلانی و پولو گراونڈ اور باغ جناح میں ہونگے، نیزہ بازی اور ماونٹڈ آرچری کے ایونٹس میں 10 سے زائد ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہارس اینڈ کیٹل شو کے تحت ثقافتی فلوٹس شہر کے مختلف روٹس پر چکر لگائیں گے۔ پی سی بی افسران نے کرکٹ انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ ٹرائی سیریز کیلئے انتظامات کو حتمی کر لیا ہے۔ کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ محکموں کو انتطامات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ قزافی اسٹیڈیم اور فورٹریس سٹیڈیم ایونٹس میں صفائی انتظامات کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی پلان فائنل کرے، ہر ایونٹ کو سامنے رکھتے ہوئے میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کو ترتیب دیا جائے، ٹریفک پولیس ٹریفک پلان ایونٹس شیڈولز کو سامنے رکھتے ہوئے جاری کرے، ایونٹس کیلئے ٹریفک مینیجمنٹ و پارکنگ پلان واضح بنائیں اور شہریوں کی آسانی کیلئے مشتہر بھی کریں۔
اجلاس میں ڈی سی لاہور سید موسی رضا، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ایس ایس پی سکیورٹی محمد تصور، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحبدین، ایم ڈی واسا غفران احمد، سی او ایم سی ایل شاہد کاٹھیا سمیت پی سی بی، پی ایچ اے، ریسکیو 1122، ٹیپا، ٹریفک و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔






